اہل بیتؓ کی عظیم قربانی ظلم و جبر کے خاتمے کی روشن مثال ہے:وزیراعظم آزاد کشمیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے اہل بیتؓ کی عظیم قربانی اسلام کی سربلندی، عدل کے قیام اور ظلم و جبر کے خاتمے کی روشن مثال ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ خانوادۂ رسالت نے میدانِ کربلا میں جس ثابت قدمی اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
انھوں نے کہا کہ واقعہ کربلا تاریخِ اسلام کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے، امام عالی مقامؓ اور ان کے جانثاروں نے دین کی بقاء کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شہادت امام عالی مقام کا واضح مقصد عدل و حق کا قیام اور ظلم کا خاتمہ تھا، آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی حسنیت کے نقشِ قدم پر چل کر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔
چودھری انوار الحق نے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے سامنے جرأت و استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے "رسمِ شبیری" ادا کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی اور عاشورہ کے موقع پر کرفیو کا نفاذ مذہبی آزادی پر کھلا حملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان بھر میں 9 محرم کے 2 ہزار سے زائد جلوس، 7 ہزار سے زائد مجالس کا انعقاد