سنگین الزامات پر’’ڈمپل گرل‘‘ ہانیہ عامر نے خاموشی توڑ دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے ساتھی اداکارہ و میزبان مشی خان کے سنگین الزامات کا جواب دے دیا۔
اپنی شوخ و چنچل اداؤں کے سبب’’پاکستانی ڈمپل گرل‘‘ ہانیہ عامر سوشل میڈیاپرپاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ہیں، جن کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد تقریباً 2 کروڑ ہے۔
ان دنوں وہ اپنی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل’ ’میری زندگی ہے تُو‘‘ میں جانداراداکاری پر خوب داد سمیٹ رہی ہیں،ان کے دیگر نمایاں ڈراموں میں کبھی میں کبھی تم، سنگِ ماہ، دلربا، میرے ہمسفر، عشقیہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
ہانیہ عامرحال ہی میں اس وقت خبروں کی زینت بنیں جب سینئر اداکارہ و میزبان مشی خان نے ان پر سوشل میڈیا پوسٹس میں مبینہ طور پر شیطانی یا ایلومیناٹی اشارے کرنے کا الزام عائد کیا۔
مشی خان نے انسٹاگرام پر ہانیہ عامر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان میں موجود مبینہ ایلومیناٹی نشانات کی نشاندہی کی، جس کے بعد ہانیہ عامر نے پہلے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے اور پھر ایک ویڈیو پیغام میں ان الزامات کی تردید کی۔
اس حوالے سے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ہانیہ عامر نے کہا کہ یہ کیا معاملہ ہے؟ آپ سب میرے پیچھے کیوں پڑ گئے ہیں؟ پہلے ہی میرے پاس بہت سے مسائل ہیں، مجھ پر اتنے الزامات اور تنازعات ہیں، کبھی میری شادی کے کارڈ چھاپ دیے جاتے ہیں، میری والدہ کو میرے کپڑے پہلے ہی پسند نہیں ہیں، میرا خاندان بھی میرے خلاف ہے، کبھی کہتے ہیں کہ میرے ڈمپل جعلی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اب آپ کہہ رہے ہیں کہ میں ایلومیناٹی ہوں، نہیں، میں ایلومیناٹی نہیں ہوں، اب یہ سب بند ہو جانا چاہیے، سب باتیں ختم ہونی چاہئیں، میں ایک محنت کرنے والی لڑکی ہوں، جو کام پر جاتی ہے، میں اتنی چیزیں ہینڈل نہیں کر سکتی۔
یہ بھی پڑھیں:ایشوریا رائے کا شوہر کے لئے محبت بھرا پیغام، طلاق کی خبریں دم توڑگئیں
ہانیہ عامر کی سوشل میڈیا پوسٹس سے قبل ہی ان کے مداح انسٹاگرام پر ان کے دفاع میں سامنے آ گئے تھے،مداح خاص طور پر ان کے جعلی ڈمپلز اور ایلومیناٹی ہونے سے متعلق تنقید پر شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ایک مداح نے لکھا کہ اگر ہانیہ کا خاندان ان سے ناخوش ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ صحیح سمت میں جا رہی ہیں، ایک اور صارف نے لکھا کہ کس نے کہا کہ ان کے ڈمپل جعلی ہیں؟ نفرت کرنے والوں کو اپنی آنکھیں چیک کروانی چاہئیں، جبکہ ایک مداح کا کہنا ہے کہ ہانیہ! لوگ آپ کی کامیابی سے جل رہے ہیں۔