عوام موجودہ جعلی حکومت اور ریاستی اداروں سے نالاں ہیں:مولانا فضل الرحمن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام موجودہ جعلی حکومت اور ریاستی اداروں سے نالاں ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور عام آدمی کا سکون چھین لیا گیا ہے۔
جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی اگلے جمعے کو حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کرے گی ، 12 اپریل کو مردان سے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے گھریلو تشدد سمیت کئی قوانین شریعت کے خلاف بنائے اور غیر اسلامی قوانین اسمبلی میں لائے جا رہے ہیں، موجودہ حکومت جعلی ہے اور پیپلز پارٹی کے سہارے کھڑی ہے، مغربی اور مشرقی سرحدیں بند ہیں، تجارت متاثر ہو رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے، حکومت کو ان کیمرا بریفنگ میں بتانا چاہئے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کہاں کھڑا ہے، امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے، صوبائی حکومت آپریشنز کے معاملے پر متضاد پالیسی اپنا رہی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات بھی ایوان میں پیش نہیں کی جا رہی۔
سربراہ جمعیت علما ئے اسلام ف نے کہا کہ ہم نے تمام سفارشات ایوان میں لانے کا مطالبہ کیا تھا، 2024 کے الیکشن کی روش برقرار ہیں،ضمنی الیکشن میں ہار چکے تھے، ان کو کامیاب قرار دیا گیا ،5 ہزار ووٹ لینے والا ہارا ہوا ہے اور 5 سو ووٹ والا جیت گیا ، شرم آنی چاہئے ان کو جنہوں نے ایسا کیا جو بھی قوتیں ہیں یہ شرم ناک عمل ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے حکمران امریکہ کے غلام ہیں،امریکہ اس وقت اسرائیل کے پشت پر کھڑا ہے،امریکہ نے فلسطینیوں کا قتل عام کیا اور اب ایران ،لبنان میں قتل و غارت کررہاہے،اگلے جمعے کو ملک بھر میں ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں مہنگائی کے خلاف اختجاج ہوگا،عوام حکومت اور ریاستی اداروں سے نالاں ہیں اور یہ حکومت ایک دن کی مار ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا تیار کردہ جنگ بندی کا منصوبہ امریکا اور ایران کو موصول ہوگیا