پاکستانی ہائی کمشنر کی ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے وزیر اطلاعات و نشریات سے ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سلیم رضا) بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے بنگلہ دیش کے وزیر اطلاعات و نشریات ظہیر الدین سواپن سے ملاقات کی،ملاقات میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور میڈیا، ثقافتی اور علم پر مبنی تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ڈھاکہ سے24نیوز کے نامہ نگار سلیم رضا کے مطابق یہ ملاقات پیر کو ڈھاکہ میں وزیر کے دفتر میں ہوئی،ملاقات کے آغاز میں پاکستانی ہائی کمشنر نے وزیر اطلاعات کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی،بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے کہا کہ موجودہ دنیا میں نئے میڈیا کے تیزی سے پھیلنے سے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان مشترکہ کام کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں میڈیا کے شعبے میں باہمی مفادات کی بنیاد پر تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی۔
اس دوران انہوں نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے پر زور دیا۔
دو طرفہ ثقافتی تبادلے بالخصوص فنکاروں اور اداکاروں کے باہمی دوروں اور فلموں کی مشترکہ پروڈکشن کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔
انہوں نے بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا (بی ایس ایس) اور پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں ؛ پنجاب حکومت نے مارکیٹیں 8بجے بند کرنے کی تجویز مسترد کردی