عدلیہ پر تنقید۔۔ وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست 

Apr 06, 2021 | 10:27:AM
وزیراعظم عمران خان
کیپشن: وزیراعظم عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیر اعظم عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست پر سماعت آج ہوگی ۔درخواست میں عمران خان پر ٹی وی پروگرام میں مبینہ طور پر عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنانے  کاالزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق  لاہور ہائی کورٹ میں سردار فرحت منظور چانڈیو ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کی آئینی درخواست دائر کی  ہے۔درخواست میں وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری کے ساتھ ساتھ سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی وی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 4 اپریل 2021 کو  پی ٹی وی سے لائیو پروگرام نشر کیا گیا جس میں وزیر اعظم عمران خان سوالوں کے جوابات دے رہے تھے۔ وزیراعظم نے مذکورہ پروگرام میں عدلیہ مخالف بیان دیا اور پیغام کے ذریعے عدلیہ کے ججوں پر نواز شریف سے تعلقات کا الزام لگایا ۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم  نے نیب کی ناقص تفتیش کا ذمے دار ججز کو ٹھہرانے کی کوشش کی۔وزیر اعظم نے اپنے الفاظ سے آئین کے آرٹیکل 204 کی خلاف ورزی کی  ہے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔عمران خان آرٹیکل 68 اور 114 کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب ہوئے جو حتیٰ کے پارلیمنٹ میں بھی عدلیہ کے خلاف اس طرح کے توہین آمیز بیانات کی ممانعت کرتے ہیں۔اس طرح کے طرز عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا اور اس سلسلے میں فوری کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ معزز ججز کے وقار کو بحال رکھا جا سکے۔

درخواست میں مزید موقف اپنایا گیا کہ ماضی میں توہین عدالت پر متعدد بار اسٹیک ہولڈرز کو سزا ہوئی۔سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سرفہرست ہیں جنہیں اس وقت سزا ہوئی جب وہ وزیر اعظم کے منصب پر فائز تھے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزیر اعظم کو مستقل طور پر عدلیہ اور معزز ججز کے خلاف اس طرح کے توہین آمیز بیانات دینے سے روکا جائے,ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں اس طرح کا توہین آمیز مواد نشر کرنے ان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے وضاحت بھی طلب کی جائے۔