شوبز میں آنے پر ایک سال تک والد نے بات نہیں کی تھی، یشما گل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد نے شوبزمیں قدم رکھنے کے بعد ایک سال تک ان سے بات چیت بند رکھی تھی۔
یشما گل حال ہی میں نجی چینل کی رمضان نشریات میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں سے جڑی نجی زندگی کے اہم پہلو شیئر کیے۔
اداکارہ نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ان کے والد شوبز انڈسٹری کے بارے میں عمومی تاثر کی وجہ سے اس پیشے کے خلاف تھے، جب میں نے باقاعدہ اداکاری شروع کی تو والد نے تقریباً ایک سال تک ان سے گفتگو نہیں کی۔
یشما گل نے بتایا کہ ایک سال بعد رمضان المبارک کے دوران انہوں نے والد کو سلام کیا تو انہوں نے جواب دیا، اور یوں دونوں کے درمیان جمی برف پگھلنا شروع ہوئی، بعد ازاں جب اداکارہ نے عمرہ ادا کرنے کا ارادہ کیا تو انہیں محرم کی ضرورت تھی، جس پر انہوں نے اپنے والد سے ساتھ چلنے کی درخواست کی، ان کے والد عمرہ کی ادائیگی کے لیے ان کے ہمراہ گئے۔
معروف اداکارہ نے کہاکہ اس مقدس سفر کے دوران جب ان کے والد نے دیکھا کہ لوگ ان کی بیٹی کو اس کے پیشے کی وجہ سے عزت اور خصوصی احترام دے رہے ہیں تو ان کا نقطۂ نظر بدلنا شروع ہوا، انہیں احساس ہوا کہ شاید ان کی بیٹی درست راستے پر ہے،اسی تجربے کے بعد دونوں کے تعلقات میں بہتری آئی اور وہ ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:رجب بٹ فیملی کی دھمکی کے بعد نیا موڑ، ایمان رجب کے بھائی نے اصل کہانی بتا دی
یشما گل کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے، جہاں مداح ان کی خاندانی کہانی اور والد کے ساتھ مفاہمت کو سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یشماگل نے فنی کیریئر کا آغاز اس وقت کیا جب وہ آسٹریلیا میں تعلیم مکمل کرکے وطن واپس آئیں، ان کا کہنا ہے کہ انہیں شروع سے ہی شوبز کی دنیا اپنی طرف متوجہ کرتی تھی، اسی لیے انہوں نے اسی میدان کو اپنے مستقبل کے لیے منتخب کیا۔