گلگت سے متعلق بھارت کے بے بنیاد بیانات کو مسترد کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

Jun 05, 2026 | 22:51:PM
گلگت سے متعلق بھارت کے بے بنیاد بیانات کو مسترد کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انورعباس )ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات سے متعلق بھارت کے بے بنیاد بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہیں، بھارت جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا عالمی علمبردار ہے، بھارت کے دعوے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی تازہ بیان بازی کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ بھارتی بیان کو قابلِ نفرت سمجھتے ہیں۔ بھارت بین الاقوامی تسلیم شدہ متنازع جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔

مسئلہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین غیر حل شدہ تنازع ہے۔ تنازع کشمیر کی بنیاد 1947 میں ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے جبری اور غیرقانونی قبضے سے پڑی۔ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل سلامتی کونسل متعلقہ قراردادوں پر مکمل عملدرآمد میں مضمر ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیری عوام کو آزاد اور غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے حق خودارادیت کی ضمانت دیتی ہیں۔ گلگت بلتستان سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتے۔ بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں منظم اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں نافذ سخت گیر قوانین کے تحت بھارتی افواج کو حاصل استثنیٰ ریاستی دہشت گردی کی ایک شکل ہے۔ بھارت تمام مقبوضہ علاقوں سے انخلا کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے غیرقانونی و یکطرفہ اقدامات واپس لے۔ 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے تمام غیرقانونی اقدامات منسوخ کیے جائیں۔ بھارت تمام سخت گیر قوانین ختم کرے اور غیرجانبدار مبصرین کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دے۔ 

بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے۔ بین الاقوامی میڈیا کو زمینی حقائق جانچنے کے لیے مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔ بھارت کشمیری عوام کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت استعمال کرنے کا موقع فراہم کرے۔