حیدرآباد :ایف آئی اے نے بھرتی ٹیسٹ میں جعلسازی پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(محمد حسن خان)حیدرآباد میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بھرتی کے فزیکل ٹیسٹ کے دوران جعلسازی کی دو مبینہ کوششیں ناکام بناتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق عمران علی اور زین اللہ سبزوئی کو مبینہ طور پر اصل امیدواروں کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا۔ دونوں افراد کو موقع پر حراست میں لے لیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے حیدرآباد زون نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملوث تمام افراد اور سہولت کاروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایف آئی اے کے مطابق بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی جاری ہے، جبکہ کسی بھی قسم کی جعلسازی یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے حیدرآباد زون نے شفاف اور منصفانہ بھرتی عمل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر سمجھوتہ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :سڑکوں پر خطرناک صورتحال،5 ماہ، 6 روز میں 445 قیمتی جانیں ضائع