کے پی حکومت اور سیمنٹ فیکٹریز کے درمیان سیمنٹ رائلٹی 350 روپے کرنے پر اتفاق

Jun 05, 2025 | 18:44:PM
کے پی حکومت اور سیمنٹ فیکٹریز کے درمیان سیمنٹ رائلٹی 350 روپے کرنے پر اتفاق
کیپشن: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے مختلف سیمنٹ فیکٹریز کے اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے ملاقات
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک رحمان) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے مختلف سیمنٹ فیکٹریز کے اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں فی ٹن سیمنٹ رائلٹی 250 روپے سے بڑھا کر 350 روپے کرنے پر اتفاق ہوا۔ 

ملاقات میں سیمنٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل، ان کے حل اور صوبے میں سیمنٹ انڈسٹری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،رائلٹی میں ابتدائی 2سال تک 10 فیصد جبکہ اگلے3 سال تک 7.5 فیصد اضافہ پر بھی اتفاق ہوا،وزیر اعلیٰ کی سیمنٹ انڈسٹری کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔ 

 وزیر اعلیٰ نے وفد کو جپسم، پلیسر گولڈ ، معدنی مصنوعات کی صوبے میں ویلیو ایڈیشن میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ 

اس دوران گفتگو کرتےہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے میں جپسم سمیت دیگر اہم معدنیات کا پوٹینشیل موجود ہے جسے ایکسپلور کرنے کی ضرورت ہے،صوبائی حکومت نے معدنی وسائل کی بہترین منیجمنٹ اور ایکسپلوریشن کے لیے اپنی مائننگ کمپنی بنا لی ہے،صوبے میں مائننگ کے لیے جدید مشینری اور طریقہ کار متعارف کرانے پر کام کر رہے ہیں۔ 

 وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت معدنی مصنوعات کی صوبے میں ہی ویلیو ایڈیشن کے لیے اقدامات کر رہی ہے،اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،صوبائی حکومت معدنیات کی بہترین منیجمنٹ کے ذریعے ہی صوبائی آمدن میں اضافہ کر رہی ہے۔  

انہوں نے   وفد کو صوبائی ٹرانسمشن لائن کی تعمیر میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مقامی بجلی گھروں سے پیدا ہونے والی بجلی صوبائی ٹرانسمشن لائن کے ذریعے صنعتوں کو رعائتی نرخوں پر فراہم کرے گی،صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے۔ 

علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کر رہی ہے۔

وفد نے وزیر اعلیٰ کی مائننگ اور ٹرانسمشن لائن کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ 

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم، وزیر داخلہ سعودی عرب کے دورہ سے کل پاکستان واپس پہنچیں گے