آج کا پکوان، اچار گوشت بنانے کی ترکیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اگر آپ روزمرہ کے کھانوں سے ہٹ کر کچھ منفرد اور مزیدار بنانا چاہتے ہیں تو اچار گوشت بہترین انتخاب ہے، کھٹے اور مصالحے دار ذائقے سے بھرپور یہ ڈش نہ صرف کھانے کا لطف دوبالا کر دیتی ہے بلکہ اسے گھر میں آسانی سے بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔
درکار اجزاء (4 سے 5 افراد کے لیے): بکرے کا گوشت: آدھا کلو، پیاز: 2 درمیانی (باریک کٹی ہوئی)، دہی: 1 کپ، مکس اچار: 3 سے 4 کھانے کے چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ،ہلدی: آدھی چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ، نمک: حسبِ ذائقہ، ہری مرچیں: 4 سے 5 عدد، تیل: آدھا کپ۔
بنانے کا طریقہ:سب سے پہلے ایک پتیلی میں تیل گرم کریں اور اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو ہلکا سنہری ہونے تک فرائی کریں، اس کے بعد ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے تقریباً ایک منٹ بھونیں۔
اب گوشت شامل کریں اور 8 سے 10 منٹ تک اچھی طرح بھونیں تاکہ رنگ تبدیل ہو جائے، پھر نمک، لال مرچ، ہلدی، دھنیا پاؤڈر اور زیرہ پاؤڈر ڈال کر مزید 2 سے 3 منٹ بھونیں۔
اس کے بعد دہی شامل کریں اور مسلسل چلاتے ہوئے اس وقت تک پکائیں جب تک مصالحہ تیل نہ چھوڑ دے، اب ایک کپ گرم پانی ڈال کر گوشت کو درمیانی آنچ پر اچھی طرح گلنے دیں۔
جب گوشت نرم ہو جائے تو اس میں اچار اور ہری مرچیں شامل کریں اور 5 سے 7 منٹ ہلکی آنچ پر دم دیں، اگر گریوی زیادہ ہو تو اپنی پسند کے مطابق خشک کرلیں۔
مزیدار اچار گوشت کو گرم گرم نان، تندوری روٹی، چپاتی یا سادہ ابلے ہوئے چاول کے ساتھ پیش کریں۔
اگر آم کے اچار کا مصالحہ استعمال کیا جائے تو ڈش کا ذائقہ زیادہ روایتی، کھٹا اور لذیذ ہو جاتا ہے۔