جو ہر بات پر ’’مرسُو مرسُو‘‘کرتے وہ صوبائیت کارڈ کھیل رہے ہیں، عظمی بخاری کا پیپلز پارٹی پر ڈرون اٹیک

Oct 04, 2025 | 19:16:PM
جو ہر بات پر ’’مرسُو مرسُو‘‘کرتے وہ صوبائیت کارڈ کھیل رہے ہیں، عظمی بخاری کا پیپلز پارٹی پر ڈرون اٹیک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ کسی صوبے کے معاملات میں مداخلت غیر آئینی ہے،پیپلزپارٹی مسلسل پنجاب کے معاملات میں مداخلت کرکے آئینی اختیارات سے تجاوز کررہی ہے،جو ہر بات پر “مرسُو مرسُو” کرتے وہ صوبائیت کارڈ کھیل رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے  پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتےہوئے کہا ہے کہ آپ تو یا اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں یا مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں،دو ہفتے پہلے میڈیا پر آپ کو کوئی گھاس نہیں ڈالتا تھا،آج آپ پنجاب کے سیلاب متاثرین اور کسانوں پر فقرے بازی کر کے خبروں میں جگہ بنا رہے ہیں،سندھ میں آپ کی حکومت ہے آپ نے کسانوں سے گندم کیوں نہیں خریدی اس کا جواب قوم کو دیں، پنجاب میں رہتے ہوئے سندھ کے وڈیروں کی غلامی کب تک کرتے رہیں گے،پنجاب کا پانی زیر استعمال لانے کے لیے پنجاب کو کسی دوسرے صوبے سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، پنجاب کے تمام وسائل پر پہلا حق پنجاب کے عوام کا ہے، مریم نواز پنجاب کے کسانوں کو انکے پانی کا حق ہر صورت دلائے گی۔

عظمی بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز پنجاب کے عوام کے حق کی بات کرتی ہیں تو آپ کو تکلیف کیوں ہوتی ہے،جس صوبے میں پیپلزپارٹی کی 17 سال سے حکومت وہاں مسائل کے انبار لگے ہیں، پنجاب یاد رکھے گا پنجاب کے عوام مشکل میں تھے تو پیپلز پارٹی نے ان کی مشکلات کا مذاق اڑایا،پنجاب کے عوام پیپلز پارٹی کا یہ منفی رویہ کبھی بھولیں گے نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:9 مئی تورپھوڑ کیس ،خیبرپختونخوا حکومت نے کیس واپس لینے کی منظوری دے دی