نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترک کاروباری گروپ کوچ ہولڈنگ کے وفد سے ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے معروف کاروباری گروپ کوچ ہولڈنگ کے وفد سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں توانائی، مینوفیکچرنگ، کان کنی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب سازگار کاروباری ماحول سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں انفرادی یا مشترکہ منصوبوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات کے دوران کوچ ہولڈنگ، جو ترکیہ کے صفِ اول کے کاروباری اداروں میں شمار ہوتی ہے، نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور ترک سرمایہ کاروں کے لیے مختلف شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔