آج کا پکوان: مچھلی کی چٹ پٹی بریانی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)مچھلی کی چٹ پٹی بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: مچھلی ایک کلو، چاول ۳؍ پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ۲؍ بڑے چمچے، پسی ہوئی لال مرچ ایک بڑا چمچہ، دھنیا پسا ہوا ایک بڑا چمچہ، گرم مصالحہ پسا ہوا ایک چھوٹا چمچہ، ہلدی آدھا چھوٹا چمچہ، ٹماٹر ۴؍ عدد (درمیانہ)، بریستا آدھی پیالی، دہی ایک پیالی، ہری مرچ ۳؍ سے ۴؍ عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، پودینہ چند پتّے، کیوڑا چند قطرے، زردے کا رنگ آدھا چھوٹا چمچہ، تیل آدھی پیالی۔
بنانے کا طریقہ: مچھلی کے قتلے کرکے اسے صاف دھو کر رکھ لیں۔ چاولوں کو دھو کر ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ بھگوئیں پھر نمک اور پودینے کے پتے ڈال کر اُبال کر رکھ لیں۔
اس کے بعد پھیلے ہوئے فرائنگ پین میں تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈالیں اور کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال کر ڈھانک دیں۔
جب ٹماٹر گلنے پر آجائے تو اس میں بریستا، نمک، لال مرچ، ہلدی، دھنیا اور گرم مصالحہ ڈال کر پانی کا چھینٹا دیتے ہوئے خوب اچھی طرح بھونیں۔
جب تیل علیحدہ ہونے لگے تو دہی پھینٹ کر ڈال دیں اور مچھلی کے قتلے پھیلا کر رکھ دیں۔
اسے ڈھانک کر ۵؍ سے ۷؍ منٹ پکائیں اور احتیاط سے مچھلی کو نکال کر علیحدہ رکھ لیں، مصالحے کو اچھی طرح بھون کر پین سے نکال لیں۔
اسی پین میں ایک سے ۲؍ بڑے چمچے تیل ڈال کر اُبلے ہوئے آدھے چاول پھیلا کر ڈال دیں اور اس پر تیار کیا ہوا مصالحہ ڈالیں اور اس پر باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال دیں۔
دوبارہ چاولوں کی تہہ لگا کر اوپر سے زردے کا رنگ اور کیوڑا ڈالیں اور آخر میں مچھلی کے قتلے رکھ کر ڈھانک دیں۔
ہلکی آنچ پر ۱۰؍ سے ۱۲؍ منٹ کیلئے دَم پر رکھ دیں، اس مزیدار چٹ پٹی بریانی کو سلاد اور رائتے کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔