چیف ایڈوائزر بنگلہ دیش محمد یونس کی ہسپتال جاکر خالدہ ضیا کی عیادت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بنگلہ دیش کی نگراں حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے ڈھاکا کے ایورکیئر ہسپتال جاکر بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیا کی عیادت کی۔
پروفیسر یونس شام 7 بجے کے قریب اسپتال پہنچے جہاں بی این پی کے سیکرٹری جنرل مرزا فخرالاسلام عالمگیر، خالدہ ضیا کی میڈیکل ٹیم بشمول پروفیسر ڈاکٹر اے جے ایم زاہد حسین اور پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین تلکدار کے علاوہ خالدہ ضیا کی بہو سیدہ شرمیلا رحمان اور چھوٹے بھائی شمیم سکندر نے پروفیسر یونس کا استقبال کیا۔
چیف ایڈوائزر تقریباً نصف گھنٹہ اسپتال میں موجود رہے،اس موقع پر انہوں نے خالدہ ضیا کے اہلخانہ اور پارٹی رہنماؤں سے صبر اور ہمت سے حالات کا سامنا کرنے کی اپیل کی۔

خالدہ ضیا کی معالج ٹیم نے انہیں ان کی صحت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ امریکا کے ماؤنٹ سینائی اور جانز ہاپکنز کے ماہرین اور برطانیہ، چین اور دیگر ممالک کے اسپیشلسٹس خالدہ ضیا کے علاج کے نگرانی کر رہے ہیں۔
پروفیسر یونس نے حکومت کی جانب سے بیگم خالدہ ضیا کے علاج میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے عوام سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی فوج کو ایک بار پھر سُبکی کا سامنا، مشق کے دوران افسر ہلاک
دورے کے دوران نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر خلیل الرحمان بھی چیف ایڈوائزر کے ہمراہ موجود تھے۔