لکی مروت: انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، متعدد خوارج جہنم واصل، ٹھکانے تباہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور،اویس کیانی)سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران متعدد خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے، ہلاک خوارج دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسزکے ہاتھوں فتنہ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ ان کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں:1500 اور 100 روپے کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان
خیال رہے کہ سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں عزم استحکام ویژن کے تحت مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بروقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر جوانوں نے مؤثر آپریشن کے ذریعے متعدد خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے، انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دفاع اور امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ قدر ہیں، اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔