برسات میں غذا کے معاملے میں خاص احتیاط بے حد ضروری ہے:ڈاکٹر وردہ سکندر

Aug 04, 2025 | 17:00:PM
برسات میں غذا کے معاملے میں خاص احتیاط بے حد ضروری ہے:ڈاکٹر وردہ سکندر
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)معروف ماہر غذائیات ڈاکٹر وردہ سکندر نے کہا ہے کہ برسات کے موسم میں گلے اور پیٹ کے وائرل انفیکشنز عام ہو جاتے ہیں، اس لیے غذا کے معاملے میں خاص احتیاط برتنا بے حد ضروری ہے۔

 مارننگ وِد فضا میں گفتگو کرتے ہوئے معروف ماہر غذائیات کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں اینٹی انفلیمیٹری یعنی سوزش کم کرنے والی غذا کو ترجیح دینی چاہیے، جس میں ہائی پروٹین ڈائٹ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ چکن، مٹن یا بیف کی اچھی طرح پکی ہوئی یخنی کا استعمال مفید ہوتا ہے، جبکہ اگر گوشت اچھی طرح پکایا گیا ہو تو دن میں 60 گرام سے زیادہ نہ کھایا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بازار کے کھانے یا باہر کا پانی استعمال کرنے سے پیٹ کی خرابی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے ممکن ہو تو گھر کا صاف ستھرا کھانا ہی کھائیں، ڈاکٹر وردہ کا کہنا تھا کہ اس موسم میں کھٹی، ٹھنڈی اور چکنائی والی چیزوں سے مکمل پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ یہ گلے کی سوزش اور معدے کی تیزابیت کو بڑھا سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھانے کو ہاضمے دار بنانے کے لیے لہسن، ادرک اور ہلدی کا استعمال نہایت مفید ہے، ٹماٹر اور کدو جیسی سبزیاں جسم کو ڈیٹاکس کرنے میں مدد دیتی ہیں کیونکہ ان میں موجود کارٹیونائٹس اور آکزیالیٹس معدے کی صفائی میں معاون ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر وردہ نے وضاحت کی کہ ہمارے نظامِ ہضم کو صحیح طور پر کام کرنے کے لیے 80 فیصد الکلائن اور 20 فیصد ایسڈ بیسڈ خوراک کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن اکثر لوگ الٹا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے گٹ ہیلتھ خراب ہو جاتی ہے۔

انہوں نے گٹ کو بہتر بنانے کے لیے دہی، چیا سیڈ، فائبر، ادرک اور گھر کی بنی کانجی کو مفید قرار دیا، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ بازار کی کانجی میں نقصان دہ بیکٹیریا موجود ہو سکتے ہیں، اس لیے صرف گھر پر تیار کردہ کانجی ہی استعمال کریں۔

ڈاکٹر وردہ کا کہنا تھا کہ سبزیاں نیم گرم پانی سے دھونا بھی ضروری ہے تاکہ ان پر موجود جراثیم ختم کیے جا سکیں۔ فوری طور پر پیٹ درد یا مروڑ کی شکایت ہو تو دو لونگ کے دانے چبانا اور ادرک و لیموں والا نیم گرم پانی پینا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

 آخر میں انہوں نے بتایا کہ اگرچہ بسکٹ یا رس چائے سے ڈائریا وقتی طور پر رک جاتا ہے، مگر یہ بعد میں قبض پیدا کر سکتے ہیں، اس لیے ڈائریا کی صورت میں BRAT ڈائٹ (کیلا، چاول، سیب کی چٹنی اور ٹوسٹ) اپنانی چاہیے تاکہ نظامِ ہضم بہتر رہے۔