ٹیکس دہندگان کا تعین 2024 کے گوشواروں سے کیا جائیگا:ایف بی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم)ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کا تعین 2024 میں جمع کرائے گئے گوشواروں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ایف بی آر کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ٹیکس دہندگان کی ایک بڑی تعداد کو’غیر فعال‘ قرار دینے سے متعلق گردش کرنے والی رپورٹس بے بنیاد ہیں جن ٹیکس دہندگان نے مقررہ وقت کے اندر توسیع کی درخواست جمع کروائی ہے انہیں ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی فہرست سے نہیں نکالا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 2025 کے لیے ایکٹیوٹیکس دہندگان کی فہرست ٹیکس سال 2024 میں کرائے گئے گوشواروں پر مبنی ہوگی۔ ایکٹیوٹیکس دہندگان کی فہرست میں 15 نومبر 2025 تک ٹیکس 2025 کے تمام نئے فائلرز بھی شامل کیے جائیں گے۔
چیئرمین ایف بی آر کی ہدایات کے مطابق سسٹم کے ذریعے توسیع کی درخواست جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کو 15دن کی توسیع دے دی گئی ہے، انکم ٹیکس قواعد میں حالیہ ترامیم کے بعد گوشواروں کو دستی طور پر جمع کرانے کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اپنے گوشوارے دستی طور پر جمع کرانے والے افراد کو ای فائلنگ کے لیے ایک ماہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، ریجنل ٹیکس آفسز کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے ٹیکس دہندگان کو مکمل معاونت فراہم کریں تاکہ ای فائلنگ کے نظام میں با آسانی منتقلی ممکن ہو سکے۔
مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرا سکنے والے ٹیکس دہندگان اب بھی 15 نومبر 2025 تک آن لائن سسٹم کے ذریعے توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں :وزیر مملکت وجیہہ قمر کی یونیسکو کے نئے ڈائریکٹر جنرل خالد العنانی سے ملاقات