سندھ ہائیکورٹ؛نیب ترمیمی قوانین کے دائرہ اختیار سے متعلق نیب اپیلیں قابل سماعت قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ممتاز جمالی) سندھ ہائی کورٹ نے نیب ترمیمی قوانین کے دائرہ اختیار سے متعلق نیب اپیلوں کو قابل سماعت قراردیدیا اور متفرق درخواست مسترد کردی۔ نیب قوانین میں ترامیم کا اطلاق پہلے سے فیصلہ شدہ مقدمات کے خلاف اپیلوں پر نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں نیب ترمیمی قوانین کے دائرہ اختیار سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی،وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ نیب آرڈیننس میں ترامیم کے بعد سندھ ہائی کورٹ کو اپیل کی سماعت کا اختیار نہیں، نیب قوانین میں ترمیم کے بعد پچاس کروڑ سے کم مالیت کے مقدمات نیب قوانین کے اختیار سے باہر ہوچکے ہیں، وکیل درخواستگزار نے کہاکہ درخواست گزار کے خلاف مقدمے میں رقم مقررہ حد سے کم تھی، اپیل سمیت تمام کارروائی متعلقہ فورم منتقل کی جائے۔
پراسیکیوٹر نیب نے کہاکہ احتساب عدالت نے 2006 میں ملزم پرویز ڈاہری کو پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی، نیب ترمیمی ایکٹ 2023 کے تحت ترمیم سے قبل کے تمام فیصلے موثر رہیں گے، اعلیٰ عدالتی فورم سے کالعدم قرار دیئے جانے تک تمام فیصلے قابل عمل رہیں گے۔
عدالت نے کہاکہ قانون سازوں نے جان بوجھ کر ترمیم کی شق میں لفظ اپیل شامل نہیں کیا، بظاہر قانون سازوں کا زیر التوا اپیلوں کو ترامیم کے تحت منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، اگر کارروائی میں اپیل کو شامل کرلیا جائے تو پہلے سے دیئے گئے فیصلوں کو تحفظ فراہم کرنے والی شق بے معنی ہوجائے گی، دائرہ اختیار کی منتقلی کے معاملے میں اپیل کو ٹرائل کے مترادف قرار نہیں دیا جاسکتا، نیب فیصلے کے خلاف اپیل سندھ ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل الیون کیلئے شاداب کیساتھ کس کس کو برقرار رکھے گی؟ اعلان ہوگیا