گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا

Mar 02, 2024 | 19:49:PM
گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش، چند مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات خیبر پختونخوا، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اورشمالی بلوچستان میں بیشتر مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے، اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں پر موسلا دھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مارچ کے مہنیے میں دسمبر کا موسم،  کتنے سال پرانا ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب؟

محکمہ موسمیات کے مطابق (صبح) اتوار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش کا امکان ہے، صوبہ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، مردان ،پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، ، باجوڑ،خیبر،مہمند، کرم، کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جبکہ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی،گجرات، سیالکوٹ اورنارووال میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدیدسرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، اسی طرح صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کی امید ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

انتباہ :

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ خیبرپختونخوا، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے برساتی و مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، چترال ،کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں شدید بارش اور شدید برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے، اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، آندھی، جھکڑ، گرج چمک اور تیز بارش کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر  ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ بھی ہے۔