شازیہ مری کی گلگت بلتستان انتخابات میں سرکاری مشینری کے استعمال کی مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے گلگت بلتستان انتخابات میں سرکاری مشینری کے استعمال کی مذمت کی۔
اس موقع پر شازیہ مری نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں وفاقی حکومت اثر و رسوخ اور سرکاری وسائل استعمال کر رہی ہے، وفاقی وزراء کی انتخابی مہم میں موجودگی اور سرکاری مشینری کا استعمال تشویشناک ہے۔
انھوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں مداخلت شفاف اور منصفانہ انتخابات پر سوالیہ نشان ہے، گلگت بلتستان میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ ناگزیر ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے فارم 45 اور فارم 47 سے متعلق بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو یاد دلایا کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نو نشستیں چھینی گئی تھیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے کہا تھا کہ اپنے ووٹ اور فارم 45 کی حفاظت کریں، درست فارم 45 کی موجودگی میں کسی کو عوامی مینڈیٹ چرانے کا موقع نہیں مل سکتا۔
انھوں نے کہا کہ فارم 45 انتخابی نتائج کی بنیاد ہے، اسی کے بعد فارم 47 جاری کیا جاتا ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے، کبھی کسی سے اقتدار یا سلیکشن کی درخواست نہیں کی، گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ تین نسلوں سے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے آ رہے ہیں۔
ترجمان پیپلزپارٹی نے بتایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ محروم اور کمزور طبقات کے حقوق کی آواز بلند کی، پیپلز پارٹی عوامی حقوق، جمہوریت اور ووٹ کے تقدس کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود انتخابی مہم چلارہے ہیں ان کے ساتھ آصفہ بھٹو زرداری بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :مردان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت3افراد جاں بحق