ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے آج پاکستان دنیا کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے: بلاول بھٹو

Jun 01, 2026 | 15:35:PM
ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے آج پاکستان دنیا کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے: بلاول بھٹو
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شگر میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید  ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو مسلم دنیا کی واحد ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی، جس کی وجہ سے آج پاکستان دنیا کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد عوام نے ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کا صرف نعرہ نہیں لگایا بلکہ اس پر عملی اقدامات بھی کیے، ان کے بقول ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے سبسڈی کا نظام متعارف کرایا اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، جس کی پاداش میں انہیں شہید کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شگر اور گلگت بلتستان کے عوام کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں ناکام ہوئیں اور تین نسلوں سے یہاں کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں گلگت بلتستان سے پیپلز پارٹی کی 9 نشستیں چھینی گئیں، تاہم امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کو اس کا مکمل حق ملے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے انتخابی عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ اسے ’’سلیکٹ‘‘ کرکے اقتدار میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی فارم 47 کا بندوبست کرنے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ عوام کو فارم 45 کے تحفظ کی تلقین کی ہے۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پاکستان میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کا مطالبہ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، کشمیر اور گوادر کے فیصلے اسلام آباد میں نہیں بلکہ مقامی سطح پر ہونے چاہئیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاق مالی مشکلات کا شکار ہے تو گلگت بلتستان اور کشمیر کی وزارتوں پر بھی نظرثانی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام معاشی طور پر مستحکم ہوں گے تو اسلام آباد بھی مضبوط ہوگا، سندھ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے منصوبوں سے سب سے پہلے مقامی آبادی کو فائدہ پہنچایا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر  شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہیں۔