سہیل آفریدی کے خلاف بغاوت؟ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تیس ارکان غائب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں ناراض ارکان نے شرکت نہیں کی، بیشتر ناراض ارکان نے ملک سے باہر ہونے اور ذاتی مصروفیات کوعدم شرکت کی وجہ بتایا۔
ذرائع بتا رہے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 30 سے زائد ارکانِ اسمبلی غیر حاضر تھے۔ تقریباً اتنی ہی تعداد ناراض ارکان کی بتائی جا رہی ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی صدارت میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج اتوار کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں ناراض ارکان نے شرکت نہیں کی اور 92 ارکان پرمشتمل پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں 30 سے زائد ارکان غیرحاضر رہے۔
ذرائع نے بتایاکہ علی امین گنڈاپور، فضل الہٰی، نیک محمد بھی شریک نہیں ہوئے اور تقریباً ڈھائی درجن دیگر ارکان بھی وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے بلائے ہوئے اس خاص اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، بیشتر ناراض ارکان نے ملک سے باہر ہونے اور ذاتی مصروفیات کوعدم شرکت کی وجہ بتا کر اجلاس میں آنے سے معذرت کی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی خیبر پختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے آج ہونے والے اجلاس کا ایک اہم مقصد بعض ارکان کی ناراضگی اور گروہ بندی کے تاثر کو توڑنا تھا، ارکان کی بڑی تعداد کی غیر حاضری سے یہ تاثر زیادہ بڑھ گیا۔
اس سے پہلے یہ خبریں آئی تھیں کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کے پی اسمبلی کے ناراض ایم پی ایز کو منانے کیلئے کوششیں کی ہیں اور انہوں نے خود مختلف ارکان سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ان کوششوں کا کوئی نتیجہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں نظر نہیں آیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ سے متعلق معاملات پرکئی ارکان وزیراعلیٰ سے بدستور ناراض ہیں، بعض ارکان کو ترقیاتی کاموں، حلقہ جاتی امور سے متعلق وزیراعلیٰ سے شکوہ ہے۔
یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ پی ٹی آئی کے جو متعدد ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ سے ناخوش ہیں وہ الگ سے اپنا اجلاس کرنے والے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی ناراض ایم پی ایز کو منانے کیلئے متحرک، رابطے تیز کردیئے
اس دوران ہی پی ٹی آئی کے رہنما شفیع جان کا یہ سخت بیان بھی سامنے آیا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں، اگر کوئی ایک بھی ایسی حرکت کرے گا تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے تیس کے لگ بھگ ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے مختلف وجوہات کی بنا پر ناخوش ہیں، تحفظات اور حکمت عملی طے کرنے کیلئے ناراض ارکان کا جلد اجلاس بلائے جانےکا امکان بتایا گیا تھا۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنی جماعت کے ناراض ایم پی ایز کو منانے کیلئے متحرک ہوگئے۔ اس حوالے سے خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے دھمکی دی کہ اگر فاروڈ بلاک بنے گا تولوگ سامنے آئیں گے، اگر کوئی ایک بھی ایسی حرکت کرے گا تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی۔ اس کے بعد آج کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔
یہ بھی پڑھیئے: پی ٹی آئی میں اختلافات سنگین ہوگئے، سہیل آفریدی اور علی امین گنڈاپور میں تکرار