خیبر پختونخوا میں بارش اور فلیش فلڈ نے 3 افراد جاں بحق،16 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک رحمان) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والی موسلادھار بارشوں، فلش فلڈ، آسمانی بجلی اور تیز آندھی کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں اب تک 3 افراد جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں 2 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 5 مرد اور 11 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں، تیز ہواؤں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے بھر میں 34 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں خیبر، لوئر دیر، مردان، شانگلہ، باجوڑ، لوئر چترال، اپر چترال اور اپر دیر شامل ہیں، جہاں مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے، دیواریں اور چھتیں گرنے، فلش فلڈ اور تیز ہواؤں کے باعث حادثات پیش آئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کیا جائے، امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، اور پی ڈی ایم اے و دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ایڈوائزریز پر مکمل عمل کریں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے۔ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال، موسمی معلومات یا امداد کے لیے پی ڈی ایم اے کی مفت ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: انگلینڈ اور کانگو کے میچ میں انہونی ہو گئی، کالنگو کو دوسرے ہاف پہلے پہلے دس منٹ تک ایک گول کی برتری