’بیٹا ٹیوشن نہیں جانا چاہتا تھا، زبردستی بھیجا اور کہا نہیں جاؤ گے تو ٹیچر ماریں گی‘غمزدہ ماں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے بچے کی غمزدہ ماں نے بتایا کہ بیٹا ٹیوشن نہیں جانا چاہتا تھا زبردستی بھیجا اور کہا کہ اگر نہیں جاؤ گے تو ٹیچر ماریں گی مجھے تمہاری مار برداشت نہیں۔
ایک خاتون نے کہا کہ حکومت اچھے سکول بنائے تو بچوں کو ٹیوشن ہی نہ بھیجیں۔ٹیوشن پڑھنے والے بچوں نے بتایا کہ جیسے ہی چھت پر مٹی ڈالی وہ گر گئی، اہل علاقہ نے سانحہ کا ذمہ دار مالک مکان کو قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے میں زخمی ہونے والی خاتون ٹیچر انیلا نے جنرل ہسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے اور اپنے کٹھن حالات کی داستان بیان کر دی۔
خوش قسمتی سے خاتون ٹیچر کی بیٹی کی حالت اب بہتر ہے، جسے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
خاتون ٹیچر انیلا نے اس خوفناک منظر کو یاد کرتے ہوئے بتایا "میں گزشتہ دو سالوں سے اپنے گھر میں چھوٹے بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی ہوں اور روزانہ مجموعی طور پر 30 سے 35 بچے پڑھنے آتے ہیں۔
ٹیچر انیلا نے اپنے کٹھن معاشی حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ مالی حالت بالکل اچھی نہیں، گھر کا چولہا جلانے اور بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے میں نے ٹیوشن پڑھانا شروع کیا تھا کیونکہ میرے شوہر سبزی منڈی کے پاس ریڑھی لگاتے ہیں اور ہماری آمدن بہت کم ہے۔”
یہ بھی پڑھیں:نہ قطار نہ انتظار! وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی