تیزاب سے قتل کئے گئے 3 معصوم بچوں کی لاشیں برآمد

Jan 01, 2026 | 13:10:PM
 تیزاب سے قتل کئے گئے 3 معصوم بچوں کی لاشیں برآمد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ماں نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے3 معصوم بچوں کو تیزاب ڈال کر قتل کرنے کے بعد دفن کر دیا۔

 بھمبر آزاد کشمیر میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں تیزاب سے قتل کئے گئے 3 معصوم بچوں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں،پولیس نے بتایا کہ بچوں کی والدہ نے مبینہ طور پر اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے ہی بچوں کو قتل کیا اور بعد ازاں لاشیں قریبی نالے میں دفن کر دیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا تعلق سرائے عالمگیر سے ہے اور اس کے آشنا کی شناخت بابر کے نام سے ہوئی ہے،خاتون مبینہ طور پر دس روز قبل اپنے تینوں بچوں کو ساتھ لے کر گھر سے فرار ہو کر بھمبر پہنچی تھی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزموں نے تینوں بچوں پر تیزاب ڈال کر انہیں قتل کیا، جاں بحق بچوں میں 7 سالہ فجر فاطمہ، 4 سالہ حرم فاطمہ اور 2 سالہ محمد ذکریا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سنگل فیز میٹرز کی تبدیلی، نیپرا کا نوٹس کام کر گیا

واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب بچوں کے والد نے پولیس میں درخواست دی، اطلاع ملنے پر سرائے عالمگیر کے تھانہ صدر میں مقدمہ درج کیا گیا۔

بعد ازاں پنجاب پولیس اور بھمبر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا اور دورانِ تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر بچوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔