نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،فتنۃ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک

Aug 01, 2026 | 18:29:PM
 نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،فتنۃ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)بلوچستان کے علاقےضلع نوشکی  میں سیکیورٹی فورسز  نے  انٹیلی جنس بیسڈ کامیاب آپریشن  کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک کردئے۔ 

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا،30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ 

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے بعد کارروائی کی،ٹارگٹڈ کارروائی میں بھارتی سپانسرڈ 7 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے،کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا اسلحہ اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد تباہ کر دیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موجود گولہ بارود اور آئی ای ڈیز موقع پر ہی تباہ کر دی گئیں۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے نوشکی میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے  فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا ،ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خودکش بمبار سمیت 7 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا،سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے درندوں کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا،پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں  :  شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،5 خوارج ہلاک،میجر حافظ احسان الٰہی شہید