شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،5 خوارج ہلاک،میجر حافظ احسان الٰہی شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں بھارت کے سرپرست پانچ خوارج ہلاک کر دیے گئے،شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے،
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یکم اگست 2026 کو سکیورٹی فورسز نےرزمک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں بھارت کے سرپرست 5خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے، 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا،میجر حافظ احسان الٰہی جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔ 
ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا،ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرست خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" وژن کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی،پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے،ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عرفان صادق تارڑ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب تعینات