سینیٹ انتخابات کا موجودہ طریقہ جمہوریت پر بدنما داغ ہے:محمود خان اچکزئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کا موجودہ طریقہ جمہوریت پر بدنما داغ ہے، پاکستان کی تاریخ میں اتنی سنگین صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
محمود خان اچکزئی نے ان خیالات کا اظہار تحریک تحفظ آئین پاکستان کی 2 روزہ آل پارٹیز کانفرنس کے اختتامی روز کیا، محمود خان اچکزئی کی میزبانی میں اسلام آباد میں وائس چیئرمین اتحاد مصطفیٰ نواز کی رہائش گاہ پر منعقد کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کو مکمل آئینی صوبہ تسلیم کیا جائے، گلگت بلتستان کے عوام آج تک آئینی حقوق سے محروم ہیں۔
کانفرنس کے اعلامیہ میں اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کانفرنس کی بکنگ کینسل کرنے کی بھرپور مذمت کی گئی، حکومت کا یہ اقدام شہریوں کے آئینی و قانونی حقوق پر حملہ قرار دیا گیا۔
کانفرنس میں ملک کی آئینی، سیاسی و معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، کسان بدحال، تنخواہ دار طبقہ ٹیکسوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے، کاروباری طبقہ اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنے پر مجبور ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملک میں غربت کی شرح 45 فیصد تک پہنچ چکی ہے، متوسط طبقے کی قوتِ خرید میں 58 فیصد کمی واقع ہوئی، بے روزگاری کی شرح 22 فیصد ہو چکی، نوجوانوں میں 30 فیصد سے زائد ہے۔
یہ بھی پڑھیں :قاسم اور سلیمان نے ویزا کیلئے پاکستان ہائی کمیشن میں درخواست جمع کروا دی: علیمہ خان