اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل

Apr 01, 2024 | 14:35:PM
اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اختشام کیانی)اسلام آباد ہائیکورٹ نےبانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نےبانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت  کی،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب  نے کیس پرسماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کی طرف سے علی ظفر نے دلائل دیئے،دوران سماعت عدالت نے پوچھا کہ کیا آج اپیل سماعت کے لیے مقرر ہے؟  اپیل شروع نہیں کریں گے، اگرآپ چاہتے ہیں تو سزا معطلی پر دلائل دےدیں،اس پر علی ظفر نے کہا کہ ہم سزا معطلی کی بجائے مرکزی اپیل پر دلائل دیں گے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ توشہ خانہ کیس آج سن کر کل سماعت کیلئے نہیں رکھ سکتے، سائفر کیس میں ایف آئی اے کے دلائل شروع ہونے ہیں، ہمیں نہیں معلوم وہ کتنا وقت لیتے ہیں، ہم توشہ خانہ کیس کو عید کے بعد رکھ لیتے ہیں،کیس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فیصلے کا جائزہ لیا ہے یہ سزا معطلی کا کیس ہے، اس پر عدالت نے کہا کہ یہ نیب کا بڑا قابل تعریف موقف ہے۔

 نیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی پر رضامندی کا بیان دیدیا.

بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کردی۔

واضح رہےکہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس 5 ستمبر 2022 کو دائر کیا گیا تھا اور عدالت نے 31 جنوری 2024 کو عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 14،14 سال قید کی سزا سنائی تھی۔