جیٹ بلیو ایئر لائن کے طیارے کی ٹمپا میں ہنگامی لینڈنگ، متعدد مسافر زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)میکسیکو کے شہر کنکون سے نیو جرسی جانے والی امریکی ایئر لائن جیٹ بلیو کی فلائٹ دورانِ پرواز سنگین تکنیکی مسئلے سے دوچار ہو گئی، جس کے باعث مسافر طیارے کو ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی،واقعے میں متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جیٹ بلیو فلائٹ 1230 کو لے جانے والا ایئربس A320 طیارہ کنکون انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد نیو جرسی کے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک پرواز کی اونچائی میں شدید کمی واقع ہوئی۔
اس اچانک جھٹکے کے نتیجے میں متعدد مسافر اور عملے کے افراد زخمی ہوئے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 19 منٹ پر ٹمپا ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
جیٹ بلیو کے ترجمان کے مطابق طیارے کے اترنے کے فوراً بعد طبی عملے نے زخمی مسافروں اور عملے کا معائنہ کیا، جبکہ 15 سے 20 افراد کو معمولی زخموں کے باعث قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہیلی کاپٹر گر گیا
ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارے کا معائنہ جاری ہے اور مکمل تحقیقات کے بعد واقعے کی وجوہات سامنے لائی جائیں گی۔
یاد رہے کہ رواں سال دورانِ پرواز جھٹکوں (turbulence) اور اونچی اڑان سے اچانک پستی کی طرف جھکاؤ کے باعث کئی سنگین فضائی واقعات پیش آ چکے ہیں۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اس سے قبل جولائی میں ڈیلٹا ایئر لائنز کی ایک پرواز کی بھی تحقیقات کر رہا ہے، جو شدید جھٹکوں کے باعث منیپولس میں ہنگامی طور پر اتاری گئی تھی اور جس میں 25 افراد زخمی ہوئے تھے۔