پی آئی اے فلائٹ شیڈول میں اچانک تبدیلی، بلاول اور آصفہ بھٹو سکردو نہ پہنچ سکے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حاشر احسن )پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کا دورہ گلگت بلتستان پی آئی اے کے فلائٹ شیڈول میں اچانک تبدیلی کی وجہ سے موخر ہو گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر امجد ایڈووکیٹ نے پی آئی اے انتظامیہ کی مبینہ نااہلی اور بدانتظامی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہزاروں کی تعداد میں عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے استقبال کے لیے اسکردو میں منتظر تھے، تاہم پی آئی اے کی انتظامی غفلت کے باعث دونوں رہنما اسکردو نہ پہنچ سکے۔
امجد ایڈووکیٹ کے مطابق پی آئی اے نے عین وقت پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی پرواز کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے فلائٹ مقررہ وقت سے پہلے روانہ کر دی، جس کے باعث دونوں رہنما سفر نہ کر سکے۔
انہوں نے بتایا کہ فلائٹ شیڈول میں اس اہم تبدیلی سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی ٹیم کو پیشگی آگاہ نہیں کیا گیا، جو انتظامی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔
صدر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان نے مطالبہ کیا کہ قومی ایئرلائن آئندہ ایسی بدانتظامی سے گریز کرے اور مسافروں کو پروازوں کے شیڈول میں ہونے والی تبدیلیوں سے بروقت آگاہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے فلائٹ شیڈول میں اچانک تبدیلیوں کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں، جن کے باعث مسافروں کو مشکلات اور سفری منصوبوں میں خلل کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف مواقع پر پروازوں کے اوقات میں تبدیلی یا تاخیر سے متعلق بروقت اطلاع نہ ملنے پر مسافروں اور متعلقہ حلقوں کی جانب سے شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
اکتوبر 2024 میں ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز مقررہ وقت سے تقریباً تین گھنٹے پہلے روانہ ہونے پر متعدد مسافر ایئرپورٹ پر ہی رہ گئے تھے، جس پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔
مارچ 2024 میں عمرہ کے لیے جانے والی ایک پرواز کے مسافروں نے شکایت کی کہ فلائٹ کے اوقات میں تبدیلی اور مسلسل تاخیر کے باوجود انہیں بروقت معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جبکہ کئی گھنٹوں تک جہاز میں انتظار کرنا پڑا۔
نومبر 2025 میں بھی پی آئی اے کی متعدد ملکی و بین الاقوامی پروازیں شیڈول میں تبدیلی، تاخیر اور منسوخی کا شکار ہوئیں، جس کے باعث سینکڑوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متبادل انتظامات کرنا پڑے۔
مختلف مواقع پر مسافروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ پی آئی اے پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی یا تاخیر کی صورت میں مسافروں کو بروقت اور مؤثر انداز میں آگاہ کرے تاکہ غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :دشمن کےوعدوں پر بھروسہ نہیں:ایرانی سپیکر