پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں انقلابی تبدیلیوں کے حوالے سے اہم اجلاس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جنید ریاض) لاہورتعلیمی بورڈ میں پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں انقلابی تبدیلیوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا،اجلاس چیئرمین ٹاسک فورس کمیٹی برائے بورڈ مزمل محمود کی زیر صدارت ہوا ،اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن بورڈز نعمان جمیل ، سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن نے خصوصی شرکت کی ۔
اجلاس میں 9 تعلیمی بورڈز کے سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات بھی شریک ہوئے ،اجلاس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی تجویز دی گئی۔
2026 میں ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں طلبہ کی ڈیجیٹل بائیومیٹرک حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں،
چیئرمین ٹاسک فور کمیٹی برائے بورڈز مزمل محمود نے امتحانی اصلاحات کا بھی جائزہ لیا ۔اجلاس میں عملے کو نئی ٹیکنالوجی اور جدید امتحانی طریقہ کار کے مطابق تربیت دی جانے کی تجویز دی گئی۔
اب پریکٹیکل امتحانات محض ایک "کاغذی کارروائی" نہیں رہیں گے۔ بورڈ نے درج ذیل اقدامات کی تجویز دی ۔
جس طرح تھیوری کے پیپر چیک ہوتے ہیں، اسی طرح پریکٹیکل کے جوابات اور کارکردگی کی جانچ کیلئے سخت معیار مقرر ہوں گے۔
کیمرہ مانیٹرنگ لیبز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے نقل اور سفارش کے کلچر کا خاتمہ کیا جائے گا۔
جدید مارکنگ سسٹم نمبروں کے اندراج کیلئے ڈیجیٹل سسٹم پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ انسانی مداخلت کم سے کم ہو۔
چیئرمین ٹاسک فورس کمیٹی برائے بورڈز مزمل محمودنے کہاکہ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے سپروائزرز اور متعلقہ عملے کے معاوضوں میں اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔