تمام بحرانوں کا واحد حل صرف نوازشریف ہے: مریم نواز

Sep 30, 2023 | 20:42:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ تمام بحرانوں کا واحد حل صرف نوازشریف ہے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے ڈویژن اور اضلاع کے صدور اور سیکریٹری جنرل کا اجلاس ہوا۔ سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں قائد محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی اور استقبال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں یوتھ کوآرڈینیٹرز اور قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔ مریم نوازشریف نے قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کے استقبال کے حوالے سے پارٹی اور عوام میں جوش وجذبے کا خیرمقدم کیا۔اجلاس میں نوازشریف کی حمایت میں زبردست نعرہ بازی کی گئی۔

اجلاس میں مریم نواز کا خطاب:

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھا کہ قوم کی امید نوازشریف ہیں، تعمیر وترقی کی تعبیر نوازشریف ہیں، ہر وعدے کی تکمیل نوازشریف ہیں، پاکستان کی روشن تقدیر نوازشریف ہیں، عوام کو مہنگائی، مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت نوازشریف ہیں، نوجوان کے روشن مستقبل اور ترقی کا ضامن نوازشریف ہے، مزدور، کسان اور محنت کش کو ریلیف صرف نوازشریف دلاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے وطن واپسی کے پلان میں بڑی تبدیلی

مریم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ قوم کے خوابوں کی تعبیر نوازشریف ہے، نوازشریف قوم کومتحد کرے گا، نوازشریف قوم کو ترقی کا وژن دیں گے، بحرانوں کا حل صرف نوازشریف ہے، دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت نوازشریف کریں گے، چوتھی مرتبہ عوام کے منتخب وزیراعظم نوازشریف ملک وقوم کے لئے تاریخی کردار ادا کریں گے، نوازشریف آئے گا، تعمیر، ترقی ، امن اور خوش حالی لائے گا۔ 

احسن اقبال کا اظہارِ خیال:

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی، ہر بار نوازشریف کو نہیں ترقی کے عمل کو روکا گیا، نواز شریف کی کوششوں سے عظیم دوست چین نے سی پیک کی صورت اس وقت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کوئی پاکستان کا رخ کرنے کو تیار نہیں تھا۔

خواجہ سعد رفیق کا خطاب:

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف کو حکومتی مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نہ ہوتی، عوام ہی نہیں دنیا بھی نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے، پاکستان کو اتحاد، امن اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے جو صرف وزیراعظم نواز شریف ہی کر سکتا ہے، قوم اور ملک کو ہمیشہ نیا وژن نواز شریف نے دیا، قوم اور سیاسی قیادت کو ہمیشہ نواز شریف نے ہی متحد کیا، اس لئے وزیراعظم نواز شریف ضروری ہے۔

رانا ثناء اللہ کا اظہارِ خیال:

اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے سابق وزیر قانون اور صدر پاکستان مسلم ن پنجاب رانا ثناء اللہ خاں کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو کام کرنے دیا جائے تو پاکستان سے مسائل لوڈشیڈنگ کی طرح ختم ہوجائیں گے، نواز شریف کو اقتدار کی نہیں بلکہ پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات کےلئے نواز شریف کی ضرورت ہے، نواز شریف پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔

مریم اورنگزیب کا خطاب:

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے سوا پاکستان کو بحرانوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، نواز شریف ہی قوم کو متحد کرکے اسے ریلیف دے سکتا ہے، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں نواز شریف ہی شامل کرے گا۔