حنا ربانی کا دورہ اس بات کا مظہر ہے پاکستان افغانستان کیساتھ برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے: دفتر خارجہ

Nov 30, 2022 | 12:59:PM
حنا ربانی کھر کے دورہ افغانستان پر ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے ویمن چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کی، وزیر مملکت کا دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے
کیپشن: ترجمان دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) حنا ربانی کھر کے دورہ افغانستان پر ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے ویمن چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کی، وزیر مملکت کا دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے افغانستان کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا، کابل میں وزیر مملکت نے افغان عبوری حکومت کے نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی، قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی، وزیر تجارت حاجی نورالدین عزیزی سے ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں کے دوران تعلیم، صحت، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون، علاقائی روابط، سماجی و اقتصادی منصوبوں سمیت مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق وزیر مملکت نے پرامن، مستحکم، خوشحال اور منسلک افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال اور تعمیر نو کے لیے عالمی برادری سے مالیاتی اثاثوں کو غیر منجمد کرنے پر زور دیا، دونوں فریقین نے پائیدار دو طرفہ سیاسی مکالمے کی اہمیت اور پاکستان افغانستان تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم کے اہم کردار پر اتفاق کیا، دونوں فریقوں نے وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک زمینی پل کے طور پر افغانستان کی اہمیت پر بھی زور دیا، دونوں فریقین نے باہمی تعاون کے ساتھ علاقائی سلامتی کو بڑھانے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔