کاہنہ: ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے واقعے میں مالک مکان سمیت5 افراد حراست میں

Jun 30, 2026 | 18:58:PM
کاہنہ: ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے واقعے میں مالک مکان سمیت5 افراد حراست میں
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عرفان ملک)  لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے ابتدائی قانونی کارروائی کرتے ہوئے مالک مکان سمیت5افراد کو حراست میں لے لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے  جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی،واقعے کے بعد پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں جبکہ پولیس اہلکار ریسکیو ٹیموں کے شانہ بشانہ ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف رہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کی  جبکہ زخمی بچوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کاہنہ منتقل کیا گیا  جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

بعد ازاں، فیصل کامران نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کاہنہ کا دورہ کیا زخمی بچوں کی عیادت کی اور متاثرہ بچوں کے اہلخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے اظہارِ تعزیت کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،واقعے کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کے لیے تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیصل کامران کے مطابق متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ برقرار ہے اور واقعے کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن قانونی، انتظامی اور انسانی معاونت فراہم کر رہی ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :  کاہنہ میں اکیڈمی کی چھت گرنے سے 14بچے جاں بحق،ٹیچر سمیت 5زخمی