دوحہ مذاکرات کی امید، تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)عالمی منڈی میں منگل کے روز خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی کیونکہ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ممکنہ مذاکرات کے نتائج پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
برینٹ کروڈ آئل 75 سینٹ یا 1.03 فیصد کمی کے بعد 72.26 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا، امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 47 سینٹ یا 0.66 فیصد کمی کے بعد 70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا ،اماراتی مربن خام تیل کی 69 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈنگ جاری ہے۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق سرمایہ کار دوحہ میں ممکنہ مذاکرات کے مثبت نتائج کی توقع کر رہے ہیں، تاہم آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل مکمل طور پر معمول پر آنے کے واضح آثار ابھی سامنے نہیں آئے، ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ محتاط انداز میں پرامید ہے، لیکن کشیدگی میں حقیقی کمی کے مزید شواہد کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ایران اور عمان کے ماہرین آئندہ چند روز میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری راستوں کی ازسرنو تعیین پر مذاکرات شروع کریں گے۔
تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ آنے والے دنوں میں امریکا کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات کا کوئی اجلاس طے نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا مذاکرات کا دعویٰ، ایران نے دوحہ میں ملاقات کی تردید کر دی
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ میں ہونے والی ممکنہ ملاقات اہم بھی ثابت ہو سکتی ہے اور نہیں بھی، اس کا اندازہ وقت آنے پر ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ رابطوں سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے 17 جون کو طے پانے والی عارضی جنگ بندی کی نازک حیثیت کو اجاگر کر دیا ہے،اس دوران آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی تیل کی ترسیل بھی متاثر رہی، جبکہ اسرائیل نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری امن کوششوں میں شمولیت اختیار نہیں کی۔
شپنگ ڈیٹا کے مطابق حالیہ حملوں اور کشیدگی کے باوجود مشرق وسطیٰ کے تیل اور ایل این جی پیدا کرنے والے ممالک نے اپنی برآمدی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔