5 جولائی تک بارشیں ہی بارشیں، سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اےکا الرٹ جاری

Jun 30, 2025 | 08:35:AM
5 جولائی تک بارشیں ہی بارشیں، سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اےکا الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 5 جولائی تک شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، چترال، اپر دیر، سوات اور کمراٹ ویلی میں طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

 چاروں صوبوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں برسات کے ساتھ اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش ہوگی۔

 اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

 این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

لاہور میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث شیرا کوٹ  میں بڑا سائن بورڈ گر گیا جس کے نیچے آ کر موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا،  اس کے ساتھ موجود خاتون اور ایک کمسن بچہ زخمی ہو گئے۔

ادھر مظفرآباد کی وادی جہلم میں شدید بارش کے بعد پٹھیالی منگر نالے میں طغیانی آگئی، جس کے باعث سڑک بہہ گئی اور 150 سے زائد سیاح پھنس گئے۔

 ریسکیو 1122 کی ٹیم نے اب تک 50 سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے، جن میں سے 33 کا تعلق کراچی سے ہے۔

 دیگر سیاحوں کو بھی نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ مقامی لوگ بھی امداد میں شریک ہیں۔

دوسری طرف کراچی میں بارش تو تھم چکی ہے، مگر شہر کی تباہ حال سڑکیں، کیچڑ اور جگہ جگہ جمع پانی شہریوں کے لیے امتحان بن گیا ہے۔

 ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لالو کھیت، لیاقت آباد اور سولجر بازار سمیت مختلف علاقوں میں ناقص نکاسی آب کے انتظامات نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی، جو کبھی عروس البلاد تھا، آج بارش کے بعد کسی پسماندہ قصبے کا منظر پیش کر رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے ترقی کے تمام دعوے زمینی حقائق سے متصادم ہیں۔

این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، خطرناک مقامات سے دور رہنےکی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 یا 6 جولائی سے سندھ میں مون سون کا نیا اسپیل داخل ہوگا، کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارشیں متوقع ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی انجم نذیر ضیغم نے کہا کہ کراچی والے تیاری کرلیں مون سون کا ایک اور اسپیل آنے والا ہے، 5 یا 6 جولائی کو سندھ میں مون سون کے دوسرے اسپیل کی انٹری متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 7 یا8 جولائی کو کراچی میں بارش ہوسکتی ہے، کچھ دنوں تک کراچی کا موسم ابر آلود رہے گا، پہلے اسپیل میں اچھی بارش ہوئی، چوکنگ پوائنٹس پر اربن فلڈنگ دیکھی گئی۔