پی ٹی اے نے5Gاسپیکٹرم کی نیلامی کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پی ٹی اے نے5Gاسپیکٹرم کی نیلامی کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی 10 مارچ کو ہوگی، حتمی شیڈول متعلقہ فریقین سے وسیع مشاورت کے بعدطے کیا گیاہے، 10 مارچ کو نیلامی کا مقصد شفاف اور بھرپورشرکت پر مبنی نیلامی یقینی بناناہے۔
اعلامیے کے مطابق منظورشدہ ٹائم لائن سے ٹیلی کام آپریٹرز اور ممکنہ بولی دہندگان کو مناسب تیاری کا وقت ملے گا، پی ٹی اے بولی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کوممکن بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
یہ فیصلہ اسٹیک ہولڈر مشاورت کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے کمیٹی اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی، جبکہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نےاجلاس میں شرکت کی۔
کمیٹی نے نیلامی کی تیاریوں کا جائزہ لیا، جس میں اسپیکٹرم کی دستیابی، نیلامی کے ڈیزائن اور طریقہ کار کے اہم مراحل شامل تھے، اور نظرثانی شدہ شیڈول کے اندر عمل کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ترامیم پر اتفاق کیا گیا۔
نظرثانی شدہ روڈ میپ کے تحت انفارمیشن میمورنڈم 9 جنوری 2026 کو جاری کیا گیا، جس کے ساتھ مشاورتی عمل کا آغاز ہوا، اور اس مدت کو اب 6 فروری 2026 تک بڑھا دیا گیا ہے، حتمی انفارمیشن میمورنڈم 13 فروری 2026 کو شائع کیا جائے گا، ممکنہ درخواست گزاروں کے لیے ایک معلوماتی سیشن 16 فروری کو منعقد ہوگا، جس کے بعد درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ بشمول پری بڈ ڈپازٹ 27 فروری شام 4:00 بجے (PST) تک ہوگی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اسی دن درخواست گزاروں کی فہرست جاری کرے گی، جبکہ اہل بولی دہندگان کی فہرست 3 مارچ کو شائع کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان بنگلادیش کے درمیان 14سال بعد فضائی رابطے بحال
حکام کے مطابق نیلامی میں کم، درمیانی اور زیادہ فریکوئنسی بینڈز پر مشتمل متعدد اسپیکٹرم بینڈز شامل ہوں گے تاکہ ملک بھر میں 5جی کی تعیناتی کو سپورٹ کیا جا سکے، دستیاب اسپیکٹرم میں وسیع کوریج اور صلاحیت میں اضافے کے لیے 700 میگا ہرٹز، 1800 میگا ہرٹز اور 2100 میگا ہرٹز کے پیئرڈ بینڈز شامل ہونے کی توقع ہے جبکہ 2300 میگا ہرٹز، 2600 میگا ہرٹز اور عالمی سطح پر ترجیحی 3500 میگا ہرٹز بینڈ بھی شامل ہوں گے جو تیز رفتار اور کم تاخیر والی 5جی سروسز کے لیے اہم ہیں، مجموعی طور پر تقریباً 597.2 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیے جانے کا منصوبہ ہے۔