ملکہ کی ڈیپ فیک ویڈیو چلانے وا لے چینل کے لئے خطرے کی گھنٹی

Dec 30, 2020 | 20:04:PM
ملکہ کی ڈیپ فیک ویڈیو چلانے وا لے چینل کے لئے خطرے کی گھنٹی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)برطانیہ کے نجی چینل فور نے کرسمس کے موقع پر ملکہ برطانیہ کی ایک پیروڈی ویڈیو نشر کی،جس پر اب اسے تنقید کا سامنا ہے۔
تفصیلا ت کے مطا بق چینل فور نے کرسمس پر ملکہ برطانیہ کی جانب سے ہر سال قوم سے کیے جانے والے خطاب کی نقل کرتے ہوئے ایک پیروڈی ویڈیو نشر کی تھی، جس پر اس کے خلاف لوگوں نے حکومت کو شکایات کی ہیں۔برطانیہ میں ٹی وی چینلز، دیگر میڈیا کے معاملات دیکھنے والے حکومتی ادارے آف کام کو کم از کم چینل فور کے خلاف 214 شکایات موصول ہوئی ہیں۔آف کام کے حکام نے چینل فور کے خلاف شکایتیں موصول ہونے کی تصدیق کی، تاہم بتایا کہ تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا کہ چینل کے خلاف کس طرح کی کارروائی کرنی ہے؟چینل فور کی جانب سے بنائی گئی جعلی پیروڈی ویڈیو نشر کیے جانے کے بعد لوگوں کا کہنا ہے کہ ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ غلط معلومات کو پھیلانا کس قدر آسان ہے اور اس کو دیکھ کر غلط معلومات پھیلانے والوں کو حوصلہ ملے گا اور وہ بھی اسی طرح کام کریں گے۔تاہم چینل فور کی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ ویڈیو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی یا حقیقت کی طرح دکھائی دینے والی غلط معلومات کو سمجھنے کا ایک ذریعہ ہے۔چینل فور نے ملکہ برطانیہ کی پیروڈی کی جو ویڈیو نشر کی تھی، اس میں ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک خاتون کو ملکہ برطانیہ کی طرح دکھایا گیا۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں خاتون نے ملکہ برطانیہ کے انداز میں تقریر کرتے ہوئے شاہی خاندان کے مسائل پر بھی بات کی اور شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت چھوڑنے کا ذکر بھی کیا۔ساتھ ہی ویڈیو میں ملکہ برطانیہ کی طرح دکھائی دینے والی خاتون نے شہزادہ اینڈریو پر خواتین کے ریپ کے الزامات کے اسکینڈل پر بھی بات کی۔آخر میں ملکہ برطانیہ کی طرح دکھائی دینے والی خاتون کو ٹک ٹاک اسٹائل میں ڈانس کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، تاہم آخر میں ملکہ کا روپ دھارنے والی اصلی خاتون کو بھی دکھایا گیا ہے۔