پاکستان اپنی سالمیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گا، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا، اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاہے کہ وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی ہے ، گذشتہ دو روز میں بھارت کی جانب سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اور اقدامات کئے گئے ،کسی قسم کی مہم جوئی کا بھر پور طاقت سے جواب دیں گے،پاکستان اپنی علاقائی خود مختاری اور سالمیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گا ، بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے ۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پورے خطے کو شدید خطرات لاحق ہیں،بھارت کا رویہ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے، ان کاکہناتھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویہ اپنایا ، بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور بیانات نے صورتحال کو پیچیدہ کردیا ہے ، پریس کانفرنس کا مقصد صورتحال سے آگاہ کرنا ہے ۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کارروائی ناقابل قبول ہے ، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ، دہشت گردی کے ہاتھوں پاکستان نے جتنا نقصان اٹھایا اتنا کسی کا نہیں ہوا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے عالمی براداری کے ساتھ ملکر کام کیا ۔
نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ کاکہناتھا کہ بھارت پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں دہشت گردی میں ملوث ہے ، مختلف ملکوں کے رہنماؤں سے خطے کی صورتحال پر بات ہوئی ہے ، ان کاکہناتھا کہ دہشت گردی کے ہر واقعے پر الزام تراشی بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے ، بھارتی حکومت کی طرف سے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے ایسے واقعات کا استعمال ہوتا ہے ، بھارتی قیادت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے ۔
اسحاق ڈار کا مزید کہناتھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دہشت گردی سے منسلک کرنا چاہتا ہے ،مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حقوق کو کچلنے کیلئے بھارت نے کالے قانون کا سہارا لیا ،اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کیا گیا ، بھارت میں مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف مذموم مہم جاری ہے ،پورا خطہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی وجہ سے خطرے میں ہے ، بھارت خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ہوا دے رہا ہے ،غور کرنا ہوگا کہ بھارت نے یہ مہم جوئی کیوں کی اور اس کے مقاصد کیا ہیں ۔
اسحاق ڈار کاکہناتھا کہ وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی ہے ،ان کاکہناتھا کہ کوئی فریق سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ ختم نہیں کرسکتا ،سندھ طاس معاہدے کے متعلق بھارتی بیان عالمی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے ،پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کیلئے لائف لائن ہے ،نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو روز میں بھارت کی جانب سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اور اقدامات کئے گئے ،کسی قسم کی مہم جوئی کا بھر پور طاقت سے جواب دیں گے،پاکستان اپنی علاقائی خود مختاری اور سالمیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گا ، بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے ۔
نائب وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ عالمی برداری پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں دہشت گرد کارروائیوں پر بھارت کی جواب طلبی کرے ، بھارت کے جارحانہ اقدامات خطے کو تباہی سے دو چار کرسکتے ہیں ،ان کاکہناتھا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل تیار ہیں ،قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے پرعزم ہیں۔پاکستان ذمہ دار ملک ہے اور اپنی ذمہ داروں سے مکمل آگاہ ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی اقدامات نے پہلگام واقعے سے متعلق صورتحال کو مشکوک کردیا ہے ، واقعے کے صرف دس منٹ بعد ایف آئی آر درج ہوئی ،پہلگام واقعے کے فوری بعد بغیر ثبوت پاکستان پر الزامات عائد کردیئے گئے ،ترجمان کا کہناتھا کہ تھانہ 30منٹ دور واقع ہے لیکن مقدمہ 10 منٹ میں ہی درج کرلیا گیابھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے فوراً پاکستان پر الزام لگادئیے۔