مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہماری کامیابی ہے: محمد اورنگزیب

Apr 30, 2025 | 13:42:PM
مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہماری کامیابی ہے: محمد اورنگزیب
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، اور مالیاتی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں،ہمارا عزم ہے آئی ایم ایف کے ساتھ آخری پروگرام ہو ، مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہماری کامیابی ہے۔

کراچی میں پری بجٹ   سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا  کہ حالیہ امریکی دورہ انتہائی کامیاب رہا، جہاں 70 سے زائد ملاقاتیں کی گئیں جن میں دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں اور تھنک ٹینکس شامل تھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ پورے سال سرپلس رہے گا اور افراط زر میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ شرح سود 12 فیصد تک آ چکی ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ زرمبادلہ ذخائر کو 14 ارب ڈالر تک بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں اور جی ڈی پی میں قرضوں کا تناسب 75 فیصد سے کم ہو کر 65 فیصد ہو گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے پہلی مرتبہ دودھ، آٹو سیکٹر سے گاڑیاں، اور فرنیچر سعودی عرب برآمد کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ ایس آر اوز میں ترامیم اور اسٹرکچرل اصلاحات پر غور جاری ہے تاکہ کاروباری طبقے کو بہتر سہولیات مل سکیں۔

 وزیر خزانہ نے بتایا کہ 24 ریاستی ادارے نجکاری کمیشن کو دیئے جا چکے ہیں، جن میں روزویلٹ ہوٹل اور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ شامل ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے اور 43 وزارتوں میں سے کئی کو ضم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل ہمیشہ معیشت کا اہم ستون رہا ہے اور حکومت آئندہ بجٹ میں ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم پر خصوصی توجہ دے گی،پاکستان کے ہر شعبے کو ٹیکس دینا ہوگا،ٹیکس دہندگان کیلئے نظام آسان سے آسان بنانا چاہتے ہیں،توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں،عوام بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اچھی خبریں سنیں گے،8سے 9 فیصد پر ٹیکس معاملات نہیں چل سکتے ،جی ڈی پی کے تمام سیکٹرز کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانا ہو گا ، پالیسی ریٹ میں ایک ہزار بیسز پوائنٹس کم ہوچکے ہیں۔