امریکہ میں فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ڈرون اڑانے پر پابندی عائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن یعنی ایف اے اے نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچز اور متعلقہ فین ایونٹس کے دوران امریکہ بھر میں ڈرونز اڑانے پر پابندی ہوگی تاکہ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
میچ کے دنوں میں اسٹیڈیمز کے گرد 3 ناٹیکل میل کے دائرے اور زمین سے 3 ہزار فٹ کی بلندی تک ہر قسم کی فضائی سرگرمی، بشمول ڈرونز، ممنوع ہوگی۔
اسی طرح ملک بھر میں ہونے والے فین ایونٹس کے اطراف ایک ناٹیکل میل کے دائرے اور ایک ہزار فٹ کی بلندی تک ڈرونز کے استعمال پر پابندی عائد رہے گی۔
ایف اے اے نے خبردار کیا ہے کہ بغیر اجازت ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے ڈرون آپریٹرز کو ایک لاکھ ڈالر تک جرمانے، فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ادھر ایف بی آئی نے بھی اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ اسٹیڈیمز کے اطراف اضافی سکیورٹی کیلئے خصوصی ڈرون مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں:نیو یارک: میئر ظہران ممدانی کا منفرد انداز وائرل
نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ محکمہ پولیس کو وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر بڑے ایونٹس کے دوران ممکنہ ڈرون خطرات سے نمٹنے کے نئے اختیارات دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران 6.5 ملین ڈالر مالیت کا ڈرون مخالف سازوسامان خریدا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرونز کو آسانی سے ‘جنگی ہتھیار’ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، اسی لیے امریکہ کی 250ویں سالگرہ سمیت مختلف بڑے ایونٹس کے دوران نیویارک ہائی الرٹ پر ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں ایئرپورٹس اور کھیلوں کے مقابلوں کے قریب ڈرونز کے واقعات پر قانون سازوں اور حکام کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
گزشتہ برس ایک شخص نے بالٹی مور میں جنوری 2025 کے این ایف ایل اے ایف سی چیمپئن شپ میچ کے دوران ممنوعہ فضائی حدود میں ڈرون اڑانے کا جرم قبول کیا تھا۔