امریکہ: اپارٹمنٹس کمپلیکس میں گیس دھماکہ ،3 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)امریکی شہر ڈیلس کے علاقے اوک کلف میں اپارٹمنٹ کمپلیکس میں گیس دھماکے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جبکہ تین زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام کے مطابق دو دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے جنہوں نے خود ہسپتال پہنچ کر علاج کروایا۔
ڈپٹی فائر چیف مارک ڈی بیری نے میڈیا کو بتایا کہ امدادی آپریشن اب ریکوری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور امکان ہے کہ یہ کارروائیاں مزید دو سے چار گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقت تک جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملبہ ہٹانے کے عمل کے دوران عمارت کی مکمل تلاشی لی جائے گی تاکہ یہ یقین دہانی کی جا سکے کہ کوئی متاثرہ شخص یا ثبوت نظرانداز نہ ہو۔
ڈیلس فائر ریسکیو کے ترجمان جیسن ایونز کا کہنا تھا کہ عملہ پوری رات کام جاری رکھے گا اور عمارت کے ہر حصے کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:امریکا اور ایران معاہدے کے بہت قریب ہیں:جے ڈی وینس
اسسٹنٹ فائر چیف جیمز رس نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم فائر فائٹرز اب بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور ابتدائی سرچ آپریشن جاری ہے۔
دریں اثنا قدرتی گیس فراہم کرنے والی کمپنی Atmos Energy نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے دوپہر 12:51 بجے اطلاع دی تھی کہ 409 ایسٹ نائنتھ اسٹریٹ کے قریب ایک تعمیراتی عملے نے، جس کا کمپنی سے کوئی تعلق نہیں تھا، زیر زمین گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا دیا جس کے بعد گیس لیک اور دھماکے کا واقعہ پیش آیا۔
کمپنی کے مطابق اس کے ماہرین امدادی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقے میں گیس کی فراہمی فوری طور پر بند کر دی گئی ہے۔
ڈیلس کے میئر ایرک ایل جانسن نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے متاثرہ خاندانوں اور امدادی اہلکاروں کے لیے دعا کی اپیل کی۔