ملک بھر میں بارشوں سے تباہی،15 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ملک بھر میں بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے،لاہور سمیت پنجاب بھر میں 7 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 39 افراد زخمی جبکہ کراچی میں باپ بیٹی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو ئے ہیں۔
پنجاب میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 25 سے 27 جون کے دوران صوبے بھر میں بارشوں کے سبب کم از کم 25 حادثات پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق زیادہ تر اموات چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات کے نتیجے میں ہوئیں، ان حادثات نے کئی خاندانوں کو غم کی اندوہناک گھڑیوں سے دوچار کر دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ زخمیوں کو بھی علاج معالجے کی ہر ممکن سہولت دی جا رہی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر پناہ لیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
موسمیاتی صورت حال پر نظر رکھتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
دوسری طرف شہر قائد میں ہونے والی بارشوں کے بعد صورت حال گھمبیر ہوگئی ہے۔
شہر کی کئی سڑکیں اور علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ مختلف حادثات میں باپ بیٹی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔
لیاری کے علاقے موسیٰ کالونی گلی نمبر 5 میں تیسری منزل کے فلیٹ کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے۔
متوفی کی بیٹی ، بیٹا اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے، امدادی کاروائیوں کے دوران ملبے تلے دب کر جاں بحق و زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا۔