ایران میں زلزلہ آگیا ، 2  افراد جاں بحق اور  500  افراد زخمی

Jan 29, 2023 | 12:32:PM
ایران میں زلزلہ آگیا ، 2  افراد جاں بحق اور  500  افراد زخمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اسلامی ملک ایران کے شمال مغربی حصے میں ترکی کی سرحد کے قریب زلزلے کے نتیجے میں 2  افراد جاں بحق اور  500  افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے شمال مغربی حصے میں ترکی کی سرحد کے قریب  5.9 شدت کا زلزلہ(earthquake ) ریکارڈ کیا گیا۔زلزلے کے جھٹکے 70 دیہات میں محسوس کیے گئے، زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد کے جاں بحق اور 500 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
 

ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ زلزلے کا مرکز ایران کے شہر خوی کے قریب تھا، جہاں ایمرجنسی اہلکاروں کے مطابق  زلزلے سے متاثرہ کچھ علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 زلزلے کیوں آتے ہیں؟

  زلزلے قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔ پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔

  زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔

  کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں ہیں، جن میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے حساس ترین شمار ہوتے ہیں۔ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ہے۔

  پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر واقع ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے۔ یوریشین پلیٹ کے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری ہے۔ پاکستان کے دو تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔