جعلی حکومت سے مسائل کم نہیں ہوں گے، منگائی اور بے روزگاری بڑھے گی: سراج الحق

Feb 29, 2024 | 00:13:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسن علی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ جعلی حکومت سے مسائل کم نہیں ہوں گے، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھے گی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں ہونے والے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت سے مسائل کم نہیں ہوں گے، مہنگائی، بے روزگاری بڑھے گی، متنازع اور دھاندلی زدہ الیکشن سے مزید عدم استحکام پیدا ہو گیا، عوام کا حق دھڑلے سے چرایا گیا، الیکشن میں نام نہاد کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مصنوعی مسکراہٹ ہے، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ عوامی مینڈیٹ کی آخری ہائی جیکنگ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدارتی انتخابات کیلئے پرزائڈنگ افسران کی تقرری،  کون کونسی شخصیات ذمہ داری انجام دیں گیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ قوم اب حساب کتاب چاہتی ہے، حکمران پارٹیوں کے سر سے اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ اٹھ جائے تو یہ ایک لمحے کے لیے بھی جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کرسکتے، مایوسی کی کوئی وجہ نہیں، حق اور سچ کی فتح ہو گی، سول سپرمیسی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں، ہمارے کارکنان نے بھرپور محنت کی، عوام کو اپنا پیغام پہنچایا، لیکن پہلے فیصلے اور بعد میں الیکشن ہوئے۔ 

سراج الحق نے کہاکہ ملک کے حکمران عالمی اسٹیبلشمنٹ کے وفادار ہیں، قوم پر مسلط کرپٹ ٹولہ کی وجہ سے معیشت تباہ ہوگئی، یہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اشاروں پر معاشی نظام چلاتے ہیں، قرآن کریم نے جتنی شدت سے سود سے ممانعت کی ہے یہ اسی شدت سے اسے جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے امریکا کے خوف سے غزہ کی قیادت سے فلسطینیوں کی شہادتوں پر اظہار افسوس تک نہیں کیا، یہ عوام پر مہنگائی اور بے روزگاری مسلط کرنے والے ہیں۔

ملکی مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے حکمرانوں پر تنقیدی نشتر برساتے ہوئے کہا کہ ان حکمرانوں کی وجہ سے کسان مزدور دن بھر محنت کرکے بھوکا سوتا ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، انہوں نے وسائل سے مالا مال ملک پر اربوں ڈالر کے قرضے مسلط کیے، یہ سماجی نظام تباہ کرنے کے لیے سیکولر ایجنڈے پر ٹرانس جینڈر ایکٹ لے کر آئے، کشمیر پر سودے بازی کی، ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا، یہی کرپٹ سرمایہ داروں،ظالم وڈیروں اور جاگیر داروں کے حکمران ٹولے کی تکون این جی اوز کے تعلیمی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی گلیوں کوچوں اور ایوانوں میں ہائی جیکروں کا مقابلہ کرے گی، حق اور سچ کے غالب آنے کا وعدہ اللہ نے کیا ہے، ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوکر رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بنتے ہی مریم نواز نے مسیحی برادری کے دل جیت لئے
دریں اثنا امیر جماعت نے الیکشن کے آزادانہ آڈٹ کے لیے عدالتی کمیشن کی تشکیل اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کے مطالبات دہرائے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کے تقدس کی بحالی کے بغیر ملک میں معیشت اور امن کی بحالی ممکن نہیں، 8 فروری کو رات کی تاریکی میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، جماعت اسلامی کے ساتھ کراچی میں ظلم ہوا، عوام اپنے جمہوری حق پر ڈاکا ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف کرنے کے لیے تیار نہیں، قوم نے جن کرپٹ خاندانوں سے نجات کے لیے ووٹ دیے انہیں ہی دوبارہ مسلط کیا جا رہا ہے، ادارے حلف کی پاسداری اور عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہو گئے۔