پاکستان رینجرز کے شہدا کا کراچی میں جنازہ، وزیرداخلہ، وزیر اعلیٰ، فوجی، سول افسران اور عوام کا خراج عقیدت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) کراچی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز سندھ کے جوانوں کا جنازہ ہو گیا۔ شہدا کے جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ،گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے عزیز و اقارب ، سینئر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے رینجرز کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
بھارت کی کٹھ پتلی دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار کے خوارج نے کراچی میں رینجرز کیمپ کےمرکزی گیٹ پردھماکے کے بعد اندر داخل ہونےکی کوشش کی تھی لیکن سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے، فورسز کی کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے اور ایک زخمی افغان دہشتگرد کو زندہ گرفتار کرلیا گیا۔ اس دوران دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے تین جوان بھی شہید اور 4 زخمی ہوئے۔



جنازہ کے موقع پر جنازہ میں شامل شخصیات نےپاکستان رینجرز کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہیدوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کرنے والے عناصر چاہیے وہ کہیں بھی ہوں سیکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے کیفرکردار تک پہنچائیں گی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ملک سے اس کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔ ان شہیدوں کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
جنازہ کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے گورنر نہال ہاشمی کے ساتھ جا کر اس جگہ کا جائزہ لیا جہاں دہشت گردوں نے رینجرز کے کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی:رینجرز کے کیمپ پر کالعدم تنظیم کا حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، تین جوان شہید