اسلام آباد: محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر کا اچانک دورہ، سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا

Jun 28, 2025 | 11:10:AM
اسلام آباد: محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر کا اچانک دورہ، سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں قائم 24/7 نادرا میگا سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔

شہریوں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ اب انتظار کی زحمت نہیں ہوتی اور باری جلد آجاتی ہے جبکہ عملہ بھی بھرپور تعاون کرتا ہے۔

 شہریوں نے سہولتوں کی فراہمی پر وزیر داخلہ اور نادرا انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے آنے سے حالات مزید بہتر ہوئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے نادرا میگا سنٹر کے شفٹ انچارج اور عملے کو شاباش دیتے ہوئے مزید محنت اور شہریوں کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:نواز شریف کو مائنس کہنے والےخود مائنس ہوگئے: مریم نواز

 انہوں نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

محسن نقوی نے ویٹنگ ایریا اور مختلف کاؤنٹرز پر جا کر شہریوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔

شناختی کارڈز کے حوالے سے شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

وزیر داخلہ نے جدید خودکار مشین کا معائنہ بھی کیا اور خود شناختی کارڈ نمبر فیڈ کر کے اور فنگر پرنٹس کے ذریعے خودکار نظام کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا ہے کہ خوشی ہے نادرا سنٹر میں شہریوں کو بغیر انتظار کے خدمات مل رہی ہیں۔

 شہریوں کے لیے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔