سونے سے پہلے موبائل فون کا استعمال شدید ذہنی نقصان کاباعث،ڈاکٹررفیق ڈار 

 سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونیوالی ریلزذہنی صحت کیلئےخطرناک ہیں،مارننگ ودفضامیں گفتگو

Jul 28, 2025 | 15:35:PM
سونے سے پہلے موبائل فون کا استعمال شدید ذہنی نقصان کاباعث،ڈاکٹررفیق ڈار 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) معروف نیورو سائیکالوجسٹ ڈاکٹر رفیق ڈار نے’’مارننگ وِد فضا‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہےکہ سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی ’’ریلز‘‘ نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لیے خطرناک رجحان بنتی جا رہی ہیں۔
 معروف نیورو سائیکالوجسٹ ڈاکٹر رفیق ڈار نے24نیوزکے پروگرام ’’مارننگ وِد فضا‘‘ میں میزبان فضاعلی کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ  بظاہر 30 سیکنڈ کی مختصر ویڈیوز وقتی خوشی فراہم کرتی ہیں، مگر ان کا اثر نوجوانوں کے دماغ پر گھنٹوں نہیں بلکہ دنوں تک رہتا ہے اور دماغی توازن بری طرح متاثر ہوتا ہے۔
ڈاکٹر رفیق کے مطابق ریلز دیکھنے سے دماغ میں ڈوپامائن کی سطح غیر فطری انداز میں بڑھتی ہے، جس سے وقتی لطف تو ملتا ہے لیکن اس کا نتیجہ اضطراب (انگزائٹی)، بے صبری، نیند کی کمی، اور توجہ میں شدید کمی کی صورت میں نکلتا ہے۔


ڈاکٹر رفیق  نے خبردار کیا کہ ریلز کے پیچھے کام کرنے والا الگورتھم اس انداز سے تیار کیا گیا ہے کہ صارف بار بار ویڈیوز دیکھنے پر مجبور ہو جائے اور یہی چیز ذہن کو آہستہ آہستہ ’’غلام‘‘ بناتی ہے۔
انہوں نے سونے سے پہلے موبائل فون کے استعمال کو ’’شدید ذہنی نقصان دہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیند سے قبل موبائل سکرین پر ریلز دیکھنے سے دماغ چوکنا ہو جاتا ہے اور نیند کا قدرتی نظام متاثر ہوتا ہے جو ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے تباہ کن ہے،انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ریلز کو اپنی سوچ پر حاوی نہ ہونے دیں اور اپنی ذہنی آزادی کو سوشل میڈیا کی محتاجی میں نہ ڈالیں۔
ڈاکٹر رفیق ڈار نے ایک اہم اصول ’’8x8x8 فارمولا‘‘ بھی پیش کیا، جس کے مطابق ایک متوازن زندگی گزارنے کے لیے دن کے 24 گھنٹوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے، آٹھ گھنٹے نیند، آٹھ گھنٹے کام اور آٹھ گھنٹے تفریح یا ذاتی وقت،جو انسان وقت کو مینج کرنا سیکھ لیتا ہے وہی اصل میں زندگی جیت لیتا ہے۔
گفتگو کے اختتام پر انہوں نے والدین، اساتذہ، اور معاشرے سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کی ڈیجیٹل سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں وقت کی اہمیت، ذہنی سکون، اور خود پر کنٹرول کا شعور دیں، سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ ہے لیکن اگر اس کا استعمال بے قابو ہو جائے تو یہی طاقت انسان کی کمزوری بن سکتی ہے۔