گوادر میں مسلسل طوفانی بارش سے نظام زندگی مفلوج، خیبرپختونخوا میں بھی ہائی الرٹ

Feb 28, 2024 | 08:31:AM
بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹوں تک ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹوں تک ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے گوادر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی، شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے، مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے سے شہری محصور ہو کر رہ گئے۔

بارش کے باعث کئی مکانات بھی گر گئے، بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا جبکہ شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں، مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے، گزشتہ کئی گھنٹوں سے بارش کے جاری رہنے والے سلسلے میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گوادر میں حلیہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری، اب تک گوادر اور جیونی کی علاقوں میں 5 افراد کو منقطع علاقہ سے بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ آرمی انجینئرز نے روڈ کلیئرنس اور گاڑیوں کی ریکوری شروع کر دی ہے اور گوادر میں بازاروں اور گھروں سے پانی نکالنے کیلئے متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ پاک فوج گوادر کے متاثرہ لوگوں میں راشن اور امدادی سامان تقسیم کر رہی ہے۔ آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹرز کی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جبکہ کشتیوں اور تیراکوں کی ٹیم بھی تیار کر لی گئی ہے تاکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ پاک فوج  ہنگامی بنیاد پر گوادر میں بارش سے ہونے والے نقصانات کا مکمل جائزہ لیے رہی ہیں۔ 

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں کل سے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے پر پی ڈی ایم اے نے صوبائی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی، موبائل سمز اور بنکنگ فراڈ میں ملوث  ملزمان گرفتار

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور فلڈنگ کا خدشہ ہے، بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، برفباری اور بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں بارش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو چکی، بارش کے بعد کی صورتحال ہنگامی اقدامات کی متقاضی ہے

اُن کا مزید کہنا تھا  کہ بارش کی وجہ سے گوادر کے گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہو چکا، شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں، پیپلز پارٹی کے جیالے مصیبت میں پھنسے گوادر کے شہریوں کی مدد کریں، انتظامیہ گوادر کے شہریوں کی مدد کیلئے فوری اقدامات کرے۔